اسلام آباد:12/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) پاکستان انٹرنیشنل ایر لائنز PIA کے مطابق ملتان سے کراچی جانے والی پرواز تکنیکی خراجی کی وجہ سے اس وقت منسوخ کر دی گئی، جب وہ اڑان کے لیے بالکل تیار تھی۔ پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد اے ٹی آر کو واپس پارکنگ میں کھڑا کر دیا گیا۔ ان کے بقول ان طیاروں کو عارضی طور پر گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملتان سے کراچی کی ایک پرواز طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھنے کی وجہ سے منسوخ کی گئی تھی۔ دانیال گیلانی نے ان خبروں کو مسترد کر دیا۔
ابھی گزشتہ ہفتے ہی چترال سے اسلام آباد جانے والا ایک اے ٹی آر طرز کا جہاز حویلیاں کے پاس گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس واقعے میں 47 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے کے بعد سے پی آئی اے پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ پی آئی اے کے پاس اے ٹی آر 42اور اے ٹی آر 72 طرز کے کل دس طیارے ہیں اور یہ زیادہ تر چھوٹے شہروں کے لیے پرواز کرتے ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے سے اے ٹی آر طرز کے تمام جہازوں کے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کرانے کے لیے کہا ہے۔ اس تناظر میں گیلانی کا کہنا تھا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فیصلے کی روشنی میں پی آئی اے کے تمام اے ٹی آرز کے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کرائے جائیں گے اور ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ہی اے ٹی آرز کو پرواز کی اجازت دی جائے گی۔
فرانس کے اے ٹی آر 42 طرز کے اس جہاز کے دو ٹربو انجن ہوتے ہیں اور اس میں 48 مسافر تک سفر کر سکتے ہیں۔ یہ جہاز ہموار اور نا ہموار سطح سے اڑنے اور اترنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس جہاز کے انجن امریکی کمپنی Pratt & Whitney کے تیار کردہ ہیں۔ چترال سے اسلام آباد کی پرواز کے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور شاید اسی وجہ سے اے ٹی آر کی جانب سے اس تناظر میں ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔